بنگلورو،3؍اکتوبر(ایس او نیوز) برہت بنگلور مہانگر پالیکے کے بجٹ کی تیاری میں عوام کی شرکت یقینی بنانے اور بی بی ایم پی کے ترقیاتی کاموں کا حصہ بننے کیلئے عوام کو مدعو کرنے کے سلسلے میں آج شہر میں ایک انوکھی مہم کی شروعات کی گئی۔اس مہم کی شروعات کرتے ہوئے بی بی ایم پی کمشنر منجوناتھ پرساد نے کہاکہ مائی سٹی مائی بجٹ کے نام سے جو مہم شروع کی گئی ہے اس سے عوام کو بی بی ایم پی کے ترقیاتی کاموں کی پیش رفت اور ان کا معیار معلوم کرنے کا پورا موقع ملے گا عوام اس سے بھرپور استفادہ کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کے مرحلے میں عوام کو ان کی نگرانی بھی رضاکارانہ طور پر آگے بڑھ کر کرنی چاہئے۔ بی بی ایم پی کے بجٹ کی ترتیب کے سلسلے میں عوام کی طرف سے جو بھی مشورے اور مانگیں پیش کی جائیں گی، وسائل کی دستیابی کی بنیاد پر ان کو بجٹ کا حصہ بنایا جائے گا۔رواں سال بی بی ایم پی نے جو بجٹ ترتیب دیا ہے اس میں 24 فیصد عوامی مشورے شامل کئے گئے ہیں، ان مشوروں کو ترجیحی بنیاد پر لاگو کیا جائے گا۔ کمشنر نے بتایاکہ بجٹ کے متعلق عوام اپنے مشورے متعلقہ وارڈ کمیٹیوں کو پیش کرسکتے ہیں۔ منجوناتھ پرساد نے بتایاکہ بی بی ایم پی کی ویب سائٹ از سر نو ترتیب دی گئی ہے۔ اس میں عوامی ضرورت کے امور کا ایک الگ شعبہ بنایا گیا ہے۔نئی ویب سائٹ کا اجراء عنقریب عمل میں آئے گا۔ انہوں نے کہاکہ اس ویب سائٹ کے ساتھ عوامی فلاح وبہبود سے جڑے بہت سارے پروگراموں کی شروعات بھی عنقریب وزیر اعلیٰ سدرامیا کی منظوری کے ساتھ کی جائے گی۔ان سے تاریخ لے کر ان پروگراموں کے افتتاح کا جلسہ منعقد ہوگا۔ اس موقع پر جناگراہا کی کنوینر سپنا کریم نے کہاکہ مائی سٹی مائی بجٹ پروگرام میں حصہ لینے والوں کیلئے بی بی ایم پی بجٹ پیش ہونے تک 200 کارگاہیں منعقد کی جائیں گی۔